ابنا: امریکی وزیرخارجہ جان کیری نے سعودی عرب کے شہر جدہ میں بقول ان کے اعتدال پسند مسلح گروہوں سے داعش سے مقابلے میں اہم کردار ادا کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔
انہوں نے شامی حکومت کے باغیوں کے لیڈر احمد الجربا سے ملاقات میں کہا کہ شام میں سرگرم مسلح گروہ عراق میں مداخلت کریں۔ انہوں نے احمد الجربا سے کہا کہ وہ اپنے مسلح افراد کو دہشت گرد گروہ داعش کے خلاف استعمال کریں۔
جان کیری نے مسلح گروہوں میں فرق کرتے ہوئے کچھ کو اعتدال پسند مسلح گروہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ شام کے اعتدال پسند مسلح گروہ عراق میں داعش کے خلاف جنگ میں اہم کردار ادا کر سکتے ہیں۔
بحرین کے اخبار الوسط نے لکھا ہے کہ امریکی وزیر خارجہ نے کہا کہ احمد الجربا، عراق میں ایک بڑے قبیلے کے نمائندے ہیں اور اس ملک میں ایسے افراد کو پہچانتے ہیں اس لئے ان کا نظریہ اور اعتدال پسند باغیوں کا نظریہ حالات کو کنٹرول کرنے میں بہت ہی اہم ہے اور ہم پہلے سے زیادہ باغیوں کے ساتھ تعاون کریں گے۔
جان کیری نے سعودی عرب کے مختصر دورے میں شاہ عبداللہ سے بھی ملاقات کی جس میں علاقے کی صورتحال خاص طور پر عراق اور شام کے حالات پر گفتگو کی گئی۔
امریکی وزیر خارجہ ان دنوں مشرق وسطی کے دورے پر ہیں۔
.......
/169